،23ڈسمبر(ایجنسی) مالٹا مالٹا،23ڈسمبر(ایجنسی) لیبیا کی فضائی کمپنی "افریقیہ ایئرویز" کے طیارے کے دونوں اغوا کار مسافروں کو رہا کرنے پر آمادہ ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق روٹ تبدیل کر کے مالٹا کی سرزمین پر اتار دیے جانے والے طیارے کے دروازے سے متعدد مسافروں کو نکلتے ہوئے دیکھا گیا اور 65 سے زیادہ مسافر اغوا شدہ طیارے سے باہر موجود ہیں۔
مالٹا کے وزیراعظم جوزف موسکٹ نے اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ اس وقت مسافروں کی پہلی کھیپ کو رہا کیا گیا ہے جس میں عورتیں اور بچے شامل ہیں۔
افریقہ ایئرویز کا کہنا ہے کہ رہا کیے جانے والے مسافروں کو مالٹا سے لانے کے لیے ایک لیبیائی طیارہ بھیج دیا
گیا ہے۔
اس سے قبل مالٹا نے اعلان کیا تھا کہ جمعے کے روز افریقیہ ایئرویز کا ایک لیبیائی طیارہ جو ملک میں اندرونی پرواز کے سفر میں تھا اغوا کیے جانے کے بعد مالٹا کے دارالحکومت والیٹا میں اتار دیا گیا۔ حکام کے مطابق دو اغوا کاروں نے طیارے کا کنٹرول سنبھال کر اسے دھماکے سے اڑا دینے کی دھمکی دی تھی۔ اغوا کاروں کا مطالبہ ایک یورپی ملک میں پناہ حاصل کرنا ہے۔ ذرائع نے افریقیہ ایئرویز کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک اغوا کار کے پاس دستی بم بھی ہے۔
مالٹا کے میڈیا ذرائع نے بتایا ہے کہ ایئربس A-320 طیارے میں کُل 118 افراد سوار ہیں۔ ان میں 82 مردوں ، 28 عورتوں اور ایک بچے کے علاوہ عملے کے ارکان ہیں۔ طیارہ لیبیا کے شہر سبہا سے دارالحکومت طرابلس جا رہا تھا۔